سرشار ہوں سرشار ہے دنیا مرے آگے

سرشار ہوں سرشار ہے دنیا مرے آگے

کونین ہے اک لرزش صہبا مرے آگے

ہر نجم ہے اک عارض روشن مرے نزدیک

ہر ذرہ ہے اک دیدۂ بینا مرے آگے

ہر جام ہے نظارۂ کوثر مرے حق میں

ہر گام ہے گلگشت مصلےٰ مرے آگے

ہر پھول ہے لعل شکر افشاں کی حکایت

ہر غنچہ ہے اک حرف تمنا مرے آگے

اک مضحکہ ہے پرسش عقبیٰ مرے نزدیک

اک وہم ہے اندیشۂ فردا مرے آگے

ہوں کتنی ہی تاریک شب زیست کی راہیں

اک نور سا رہتا ہے جھلکتا مرے آگے

میں اور ڈروں صولت دنیائے دنی سے

خود لرزہ بر اندام ہے دنیا مرے آگے

جھکتا ہے بصد عجز کلیسا مرے در پر

آتا ہے لرزتا ہوا کعبہ مرے آگے

پیمانے سے جس وقت چھلک جاتی ہے صہبا

لہراتا ہے اک حسن کا دریا مرے آگے

جب چاند جھمکتا ہے مرے ساغر زر میں

چلتا نہیں خورشید کا دعویٰ مرے آگے

جب جھوم کے مینا کو اٹھاتا ہوں گھٹا میں

ہلتا ہے سر گنبد مینا مرے آگے

آتی ہے دلہن بن کے مشیت کی جلو میں

آوارگئ آدم و حوا مرے آگے

پیمانے پہ جس وقت جھکاتا ہوں صراحی

جھکتا ہے سر عالم بالا مرے آگے

پہلو میں ہے اک زہرہ جبیں ہاتھ میں ساغر

اس وقت نہ دنیا ہے نہ عقبیٰ مرے آگے

جوشؔ اٹھتی ہے دشمن کی نظر جب مری جانب

کھلتا ہے محبت کا دریچا مرے آگے

Unlock the Power of Language & AI

Benefit from dictionaries, spell checkers, and character recognizers. A revolutionary step for students, teachers, researchers, and professionals from various fields and industries.

Lughaat

Empower the academic and research process through various Pakistani and international dictionaries.

Explore

Spell Checker

Detect and correct spelling mistakes across multiple languages.

Try Now

OCR

Convert images to editable text using advanced OCR technology.

Use OCR