ضیا احمد بدایونی
1894
ضیا احمد صدیقی معروف ضیا احمد بدایونی کی پیدائش 21ستمبر 1894شہر بدایوں کے محلہ مولوی ٹولہ کے ایک علمی و مذہبی خاندان میں ہوئی۔والد کا نام مولوی رفیع احمد تھا جو خود اردو فارسی و عربی کے قادر الکلام عالم و شاعر تھے اور عالی تخلص کرتے تھے اور وکالت کے پیشے سے منسلک تھے۔ ضیا احمد بدایونی اپنی پیدائش کے تعلق سے اپنی ذاتی ڈائری میں لکھتے ہیں کہ: ’’ میں بھائی عنایت حسین مرحوم کے دسویں (فاتحہ) کے روز پیدا ہوا تھا۔ واضح رہے کہ دسواں مرنے کے نویں روز ہوتا ہے۔ مرحوم کی وفات 12ربیع الاول شریف 1312ھ کو مطابق 13ستمبر 1894 کو جمعہ کے دن واقع ہوئی تھی۔ اس حساب سے میں 20ربیع الاول 1312ھ مطابق 21ستمبر 1894 کو جمعہ کے دن عالم وجود میں آیا۔ اب خدا ئے پاک خاتمہ بخیر کرے ‘‘۔ ضیا احمد بدایونی بلا شبہ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔مفکر و دانشور ہونے کے ساتھ ساتھ بیک وقت وہ ایک اعلیٰ شاعر اور نثر نگار تھے، ناقد بھی تھے اور محقق بھی۔ اردو، فارسی اور عربی زبان و ادب پر یکساں قدرت رکھتے تھے جس کا اندازہ ان کی گراں قدر تصانیف سے لگایا جا سکتا ہے۔ آپ کے والد مولوی رفیع احمد عالی، بڑے بھائی مولوی رضی احمد رضی اور چھوٹے بھائی مولوی آفتاب احمد جوہر کا شمار باکمال اور صاحب دیوان شعرا میں ہوتا ہے۔