صبیح رحمانی
1965 - Present
سيد صبیح الدين رحمانی (پیدائش: 27 جون، 1965ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف نعت خواں، نعت گو شاعر اور نعتیہ ادب کے محقق و نقاد ہیں۔ وہ نعتیہ ادب کے تحقیقی، تنقیدی اور علمی جریدہ نعت رنگ کے مدیر اور نعت کی تحقیق کے لیے قائم کیے گئے ادارے نعت ریسرچ سینٹر کے بانی و سیکریٹری اور مرزا غالب کی حیات و فن پر تحقیق کے لیے قائم کیے گئے ادارے ادارۂ یادگار غالب کے صدر ہیں۔ شعبۂ نعت میں آپ کی خدمات کے صلہ میں حکومت پاکستان نے انھیں تمغا امتیاز سے نوازا۔ انھوں نے شاعری میں حافظ مستقیم، فدا خالدی دہلوی اور شاہ انصار الہ آبادی سے اصلاح لی۔ صبیح رحمانی کی نعتیہ شاعری کی کلیات کلیاتِ صبیح رحمانی کے نام سے شائع ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ نعتیہ و حمدیہ ادب کی تحقیق و تنقید پر مشتمل بہت سی کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ ان کی اردو نعتیہ شاعری کے انگریزی تراجم بھی شائع ہو چکے ہیں۔ ان کے نعتیہ مجموعہ کلام جادہ رحمت کا انگریزی ترجمہ Jada-i-Rehmat کے عنوان سے جسٹس (ر) ڈاکٹر منیر احمد مغل نے اور 'سرکار کے قدموں میں 'کا انگریزی ترجمہ Reverence Unto His Feet کے عنوان سے سارہ کاظمی نے کیا۔ یہ دونوں ترجمے 2009ء میں شائع ہوئے۔ صبیح رحمانی کے نام مشاہیر کے خطوط کا مجموعہ نعت نامے کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔