
محمد حسین آزاد (پیدائش: 10 جون 1830ء— وفات: 22 جنوری 1910ء) اردو زبان کے مشہور ادیب اور شاعر تھے۔ آزاد نے اپنے والد سے اور پھر ذوق کے سایہ عاطفت میں تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں دہلی کالج میں داخل ہوئے جہاں مولوی نذیراحمد، ذکاء اللہ اور پیارے لال آشوب سے ہم سبق ہونے کا موقع ملا۔ اردو ادب میں ایک ایسی شخصیت بھی ہے جس نے دیوانگی اور جنون کی کیفیت میں بھی وہ کارنامے انجام دیے ہیں کہ عالم فرزانگی میں بہت سے لوگ اس کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس نے نہ صرف اردو نژ کو نیا انداز دیا بلکہ اردو نظم کو بھی ایک نئی شکل و صورت عطا کی، جس نے ادبی تاریخ نویسی کو ایک نئی جہت دی۔ اور ’’آب حیات‘‘ کے عنوان سے ایک ایسی تاریخ لکھی کہ اس کی ابدی زندگی کی ضمانت بن گئی۔ اس گراں مایہ شخصیت کا نام محمد حسین آزادؔ ہے۔ محمد حسین آزادؔ نے اردو دنیا کو بہت گران قدر تصنیفات دی ہیں۔ ان میں سخن داں فارسی، قصص ہند، دربار اکبری، نگارستان فارس، سیر ایران، دیوان ذوقؔ اور نیرگ خیال کافی اہم ہیں۔ ان کے علاوہ نصابی کتابوں میں اردو کی پہلی کتاب، اردو کی دوسری کتاب، اردو کی تیسری کتاب، قواعد اردو اہمیت کی حامل ہیں۔ مگر محمد حسین آزادؔ کو سب سے زیادہ شہرت ’آب حیات‘ سے ملی کہ یہ واحد ایسی کتاب ہے جس میں اردو شاعری کی صرف تاریخ یا تذکرہ نہیں ہے بلکہ اہم لسانی مباحث بھی ہیں اس میں اردو زبان کے آغاز و ارتقا پر بحث ہے۔ اس کتاب نے اردو تنقید کو نقش اول بھی عطا کیا ہے۔ اس میں قدیم تذکروں کے مروجہ انداز سے انحراف کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ نثر کا اعلیٰ نمونہ بھی ہے۔ دماغی تھکاوٹ اور جواں سال بیٹی کی بے وقت موت کی وجہ سے 1889ء میں دماغی توازن کھو بیٹھے اور جنون کے آثار پیدا ہو گئے۔ آخری عمر تک یہی حالت رہی اور 22 جنوری 1910ء کو 80 سال کی عمر میں لاہور میں فوت ہوئے۔ان کا مزار لاہور کربلا گامے شاہ میں ہے۔
1830 - 1910