عزیز احسن
1947 - 2021
عبد العزیز خان المعروف ڈاکٹر عزیز احسن (پیدائش: 31 اگست 1947ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے نعت گو شاعر، ادبی نقاد اور محقق ہیں۔جامعہ کراچی سے اردو نعتیہ ادب کے انتقادی سرمائے کا تحقیقی مطالعہ کے عنوان پر پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔نعتیہ ادب کی تنقید پر سند مانے جاتے ہیں۔ ان کی نعتیہ شاعری کا کلیات 'کلیاتِ عزیز احسن' شائع ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی مشہور کتابوں میں اردو نعت اور جدید اسالیب، پاکستان میں اردو نعت کا ادبی سفر، نعت کے تنقیدی آفاق، نعتیہ ادب کے تنقیدی زاویے، نعتیہ شاعری کے شرعی تقاضے اورحمدیہ شاعری کی متنی وسعتیں شامل ہیں۔ ڈاکٹر عزیز احسن کی کتابوں پر جامعاتی سطح پر تحقیقی کام ہو چکا ہے۔ 2012ء میں جامعہ کراچی سے اردو نعتیہ ادب کے انتقادی سرمائے کا تحقیقی مطالعہ کے عنوان سے مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ یہ مقالہ 2013ء میں نعت ریسرچ سینٹر کی جانب سے کتابی شکل میں شائع ہو چکا ہے۔ ریڈیو پاکستان، کراچی عالمی سروس سے 1982ء تا 1984ء بے شمار کتابوں پر تبصرے نشر کیے اور دور حاضر میں کیو ٹی وی، پاکستان ٹیلی وژن اور دیگر ٹیلی ویژن چینل پر نعتیہ ادب کے حوالے سے بے شمار پروگرامز میں بحیثیت ناقد و مبصر شرکت کی ۔ کیو ٹی وی کا پروگرام خوشبوئے حسان سر فہرست ہے ۔