ابوالخیر کشفی
2008 - 1932
ڈاکٹر ابو الخیر کشفی (پیدائش: 12 مارچ، 1932ء- وفات: 15 مئی، 2008ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو نقاد، محقق، ماہر تعلیم اور کراچی یونیورسٹی کے سابق چیرمین شعبۂ اردو تھے۔ ان کے دادا سید شاہ محمد اکبر عربی، فارسی اور اردو زبان کے مشہور عالم تھے۔ ان کے والد سید ابو محمد ثاقب کانپوری اپنے زمانے کے نامور شعرا میں شمار ہوتے تھے، تایا سید محمد ہاشم جامعہ عثمانیہ میں دینیات کے پروفیسر رہے۔ 1947ء میں انھوں نے حلیم مسلم کالج سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا اور پھر کراچی آ گئے جہاں 1952ء میں انھوں نے جامعہ کراچی سے ایم اے کا امتحان پاس کیا اور اسی جامعہ سے پی ایچ ڈی کی۔ ایم اے کرنے کے بعد انھوں نے تدریس کو اپنا ذریعہ معاش بنایا۔ پہلے وہ اسلامیہ کالج میں اور پھر جامعہ کراچی کے شعبہ اردو سے منسلک ہوئے۔ تین برس تک وہ ایک جاپانی یونیورسٹی میں بھی اردو کی تدریس کے شعبے سے وابستہ رہے۔ سید ابوالخیر کشفی ٭ اردو کے نامور ادیب، محقق، نقاد اور ماہر تعلیم تھے، وہ مختلف موضوعات پر کم و بیش گیارہ کتابوں کے مصنف ہیں نیز اپنی زندگی میں پانچ کتب مرتب بھی کی ہیں۔ 15 مئی 2008ء کو سید ابوالخیر کشفی کراچی میں وفات پا گئے اور جامعہ کراچی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔