Skip to content
امام بخش ناسخ امام بخش ناسخ

سب ہمارے لیے زنجیر لیے پھرتے ہیں

سب ہمارے لیے زنجیر لیے پھرتے ہیں ہم سر زلف گرہ گیر لیے پھرتے ہیں کون تھا صید وفادار کہ اب تک صیاد بال و پر اس کے ترے تیر لیے پھرتے ہیں تو جو آئے تو شب تار نہیں یاں ہر سو مشعلیں نالۂ شب گیر لیے پھرتے ہیں تیری صورت سے کسی کی نہیں ملتی صورت ہم جہاں میں تری تصویر لیے پھرتے ہیں معتکف گرچہ بظاہر ہوں تصور میں مگر کو بہ کو ساتھ یہ بے پیر لیے پھرتے ہیں رنگ خوبان جہاں دیکھتے ہی زرد کیا آپ زور آنکھوں میں اکسیر لیے پھرتے ہیں جو ہے مرتا ہے بھلا کس کو عداوت ہوگی آپ کیوں ہاتھ میں شمشیر لیے پھرتے ہیں سرکشی شمع کی لگتی نہیں گر ان کو بری لوگ کیوں بزم میں گل گیر لیے پھرتے ہیں تا گنہ گاری میں ہم کو کوئی مطعوں نہ کرے ہاتھ میں نامۂ تقدیر لیے پھرتے ہیں قصر تن کو یوں ہی بنوا یہ بگولے ناسخؔ خوب ہی نقشۂ تعمیر لیے پھرتے ہیں
امام بخش ناسخ

امام بخش ناسخ

View profile

شیخ امام بخش (پیدائش: 10 اپریل 1772ء– وفات: 16 اگست 1838ء) فیض آباد میں پیدا ہوئے اور وہیں پروان چڑھے۔ ورزش کا شوق تھا۔ بدن کسرتی اور پھرتیلا تھا۔ فیض آباد کے ایک امیر محمد تقی کو ایسے بانکوں کی سرپرستی کا شوق تھا۔ محمد تقی نے ان کو بھی ملازم رکھا لیا اور ناسخ ان کے ساتھ لکھنؤ آ گئے۔ ایک رئیس میر کاظم علی سے منسلک ہو گئے جنھوں نے ناسخ کو اپنا بیٹا بنا لیا۔ ان کے انتقال پر اچھی خاصی دولت ناسخ کے ہاتھ آئی۔ انھوں نے لکھنؤ میں بود و باش اختیار کر لی اور فراغت سے بسر کی۔ ناسخ کسی کے باقاعدہ شاگرد نہیں تھے۔ اودھ کے حکمراں غازی الدین حیدر نے ناسخ کو باقاعدہ ملازم رکھنا چاہا تھا مگر انھوں نے منظور نہ کیا۔ شاہی عتاب اور درباری آویزشوں کے سبب ان کو لکھنؤ چھوڑ کر الہ آباد، فیض آباد، بنارس اور کانپور میں رہنا پرا۔ لیکن آخر لکھنؤ واپس آ گئے۔ نظام دکن کے دیوان، چندو لال نے کثیر رقم بھیج کر ناسخ کو حیدر آباد آنے کی دعوت دی لیکن وہ وطن چھوڑ کر نہیں گئے۔ ناسخ لکھنؤ اسکول کے اولین معمار قرار دیے جا سکتے ہیں۔ ان کی پیروی کرنے والوں میں لکھنؤ کے علاوہ دہلی کے شاعر بھی تھے۔ ناسخ اسکول کا سب سے بڑا کارنامہ اصلاح زبان ہے۔ لکھنؤیت سے شاعری کا جو خاص رنگ مراد ہے اور جس کا سب سے اہم عنصر خیال بندی کہلاتا ہے، وہ ناسخ اور ان کے شاگردوں کی کوشش و ایجاد کا نتیجہ ہے۔ ناسخ کے کلام کا بڑا حصہ شائع ہو چکا ہے۔ ان کے کلیات میں غزلیں، رباعیاں، قطعات، تاریخیں اور ایک مثنوی شامل ہے۔

Unlock the Power of Language & AI

Benefit from dictionaries, spell checkers, and character recognizers. A revolutionary step for students, teachers, researchers, and professionals from various fields and industries.

Lughaat

Empower the academic and research process through various Pakistani and international dictionaries.

Explore

Spell Checker

Detect and correct spelling mistakes across multiple languages.

Try Now

OCR

Convert images to editable text using advanced OCR technology.

Use OCR