اکبر الہ آبادی
حاصل ہو کچھ معاش یہ محنت کی بات ہے
حاصل ہو کچھ معاش یہ محنت کی بات ہے
لیکن سرور قلب یہ قسمت کی بات ہے
آپس کی واہ واہ لیاقت کی بات ہے
سرکار کی قبول یہ حکمت کی بات ہے
وہ مخبر رقیب ہے میں ہوں شہید عشق
یہ اپنی اپنی ہمت و غیرت کی بات ہے
بے.اے. بھی پاس ہوں ملے بی بی بھی دل پسند
محنت کی ہے وہ بات یہ قسمت کی بات ہے
تہذیب مغربی میں ہے بوسہ تلک معاف
اس سے اگر بڑھو تو شرارت کی بات ہے